پاکستان اور آسٹریلیا پہلے ٹی ٹونٹی میں کل مدمقابل ، قومی ٹیم کی ابوظہبی میں پریکٹس
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیتنے کے بعد تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز جیتنے کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل 24 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا۔ تین میچوں کی سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے میزبان یو اے ای ٹیم کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میچ گذشتہ روز کھیلا جس میں انہوں نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے گذشتہ روز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کوچنگ سٹاف کی نگرانی پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے لیے بیٹنگ، باولنگ کے ساتھ فیلڈنگ پریکٹس کی اور اس موقع پر کھلاڑیوں نے اپنی فزیکل فٹنس کو بھی بہتر بنانے کے لیے مختلف قسم کی ایکسر سائز میں حصہ لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی آج بروز منگل کو منعقد ہوگی جبکہ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس بھی کرینگے۔