پاکستان نے اومان کو ایک کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے میزبان اومان کو ایک کے مقابلے آٹھ گول سے شکست دیدی۔ پاکستان کی طرف سے فل بیک علیم بلال نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ عرفان جونیئر، عماد شکیل بٹ، عرفان سینئر، ابوبکر اور عتیق نے ایک ایک گول کیا۔ اومان کے شہر مسقط میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنا تیسرا میچ میزبان اومان کے خلاف کھیلا جس میں پاکستان کی طرف سے کھیل کے 13 ویں منٹ میں علیم بلال نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی جو پہلے کوارٹر تک برقرار رہی۔ دوسرے کوارٹر میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور 18 ویں منٹ میں علیم بلال نے 22 ویں منٹ میں عرفان جونیئر جبکہ 26 میں منٹ میں عماد شکیل بٹ نے گول کر کے مقابلہ چار صفر کر دیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان ٹیم کو اومان کے خلاف چار صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔ میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کا ردھم کم نہ ہوا۔ 33 ویں منٹ میں عرفان سینئر نے پنلٹی کارنر پر گول کیا۔ چھ منٹ بعد پاکستان ٹیم کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر علیم بلال نے اپنا تیسرا گول کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کا چھٹا گول کیا۔ پاکستان کی طرف سے ساتواں گول ابوبکر محمود نے فیلڈ پلے کے ذریعے کیا۔ میچ کے چوتھے کوارٹر میں پاکستان ٹیم صرف ایک گول کر سکی جو محمد عتیق نے کھیل کے 52 ویں منٹ میں کیا۔ میچ ختم ہونے سے چند لمحے قبل اومان ٹیم کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر گول کر کے کر کے مقابلہ آٹھ ایک کر دیا۔