چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ انوار الحق نے حلف اٹھا لیا، پروٹوکول لینے سے انکار
لاہور (وقائع نگار خصوصی) جسٹس محمد انوارالحق نے بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے حلف لیا۔ گورنر ہائوس لاہور میں ہونے والی سادہ اور پْروقار تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی، لاہور ہائیکورٹ کے جج صاحبان، صوبائی وزرائ، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین، لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدور و دیگر عہدیداروں سمیت سینئر وکلائ، وفاقی و صوبائی لاء افسروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد انوارالحق نے وی آئی پی موومنٹ کے دوران روٹ کلچر کے خاتمے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے دوران سفر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کیلئے کسی بھی قسم کا روٹ لگانے اور پروٹوکول لینے سے منع کردیا۔ چیف جسٹس محمد انوار الحق نے حلف برداری سے قبل گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ روٹ کلچر عوام کیلئے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ ہمارا کام عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انکے لئے مشکلات پیدا کرنا نہیں ہے۔