سعودی امدادی پیکیج کی فراہمی پرانی روایت، 1998ء میں پہلی بار 50 ہزار بیرل یومیہ مفت تیل دیا گیا
اسلام آباد (آئی این پی) سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو عدم ادائیگیو ںمیں توازن برقرار رکھنے کے لئے رقوم دینے کی روایت پرانی ہے۔ دو مرتبہ نواز شریف حکومت اور اب تیسری مرتبہ 2018میں عمران خان کو ادھار رقم اور تیل دیا گیا۔ یہ سلسلہ 1998 میں نواز شریف کے دوسرے دور حکومت سے شروع ہوا ۔ 1998 میں جب ایٹمی دھماکوں کی پاداش میں عالمی برادری نے پاکستان پر پابندیاں عائد کیں تو سعودی عرب نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے روزانہ کی بنیاد پر 50 ہزار بیرل تیل مفت دیا۔ دوسری مرتبہ 2014 میں نواز شریف کے تیسرے دور حکومت میں ڈیڑھ ارب ڈالر کا امدادی پیکج دیا گیا۔ اب تحریک انصاف حکومت کو سالانہ 3 ارب ڈالر کا تیل موخر ادائیگیوں کے اصول پر دینے کا معاہدہ کیا ہے جبکہ عدم ادائیگیوں کے توازن کے لئے سعودی عرب تین سال کے لئے اپنے تین ارب ڈالر پاکستان کے اکائونٹس میں رکھے گا ۔