احتساب عدالت کے حکم پر اسحاق ڈار کے تمام بنک اکائونٹس منجمد، نیب نے ایک اور ریفرنس کیلئے کام شروع کر دیا
اسلام آباد(نامہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے تمام بنک اکائونٹس کو منجمد کر دیا گیا۔ نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے 2 اکتوبر 2018ء کے حکم پر مفرور ملزم اسحاق ڈار کے تمام بنک اکائونٹس کو منجمد کیا گیا۔ بطور چیئرمین میسرز ہجویری فاؤنڈیشن ملزم کے نام بینک الفلاح میں موجود اکائونٹ بھی فریز کر دیاگیا جس کے ذریعے میسرز ہجویری فائونڈیشن کے مالی معاملات دیکھے جاتے تھے۔ فاؤنڈیشن کی جانب سے فریز کیے گئے بینک الفلاح کے اکائونٹ کو کھولنے کے حوالے سے رٹ سیشن کورٹ لاہور میں دائر کی گئی۔ سیشن کورٹ کی جانب سے مختلف اعتراضات لگاتے ہوئے رٹ پٹیشن کو رد کر دیا گیا۔ دوسری طرف نیب نے اسحاق ڈار کیخلاف ایک نیا ریفرنس تیار کرنے کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔ ذرئع کے مطابق نیب راولپنڈی نے گزشتہ حکومت کے دور میں گردشی قرضوں کیلئے ادا کی گئی480ارب روپے کی رقم کی تفصیلات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں، پاور ڈویژن سمیت متعلقہ وزارتوںسے 2013میں گردشی قرضے کی ادائیگی کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، گردشی قرضوں کا ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر متعلقہ وزارت کے کئی سینئر افسروں کو شامل تفتیش کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب اس بات کا جائزہ لینا چاہتا ہے کہ ادا کی گئی رقم کس نے دی اور ادا کی گئی رقم کس سے ادھار لی گئی، یہ رقم کب واپس کی گئی۔