زرداری اور فضل الرحمان کی ملاقات سے کوئی فرق نہیں پڑتا:گورنر سندھ
بھٹ شاہ(صباح نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات سے سیاسی صورتحال پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ شاہ بھٹائی کی تعلیمات انسانیت، پیار اور محبت کی تعلیم ہے۔ شاہ عبدالطیف بھٹائی کی تعلیمات پر عمل کرکے آگے بڑھا جاسکتا ہے، صوفیا کرام کی وجہ سے سندھ دھرتی پر خدا کی خصوصی رحمت نازل ہوتی ہے۔ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات سے سیاسی صورتحال پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہم سندھ حکومت کیساتھ مل کرکام کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور سندھ حکومت کے ساتھ مل کر تبدیلی کا آغاز کردیا ہے۔