• news

پارلیمنٹ کو بتا ئے بغیر اہم، سٹرٹیجک فیصلے کئے جا رہے، حکومت اعتماد میں لے: رضا ربانی

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے مختصر عرصے میں پارلیمنٹ کی اہمیت کو جان بوجھ کر کم کیا جارہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں غیر پارلیمانی اور توہین آمیز زبان استعمال کی جارہی ہے۔ حکومت پارلیمنٹ کو بتائے بغیر اہم اور سٹرٹیجک فیصلے کررہی ہے۔ حکومت نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اوردیگر سے ملاقاتوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا۔ جب کہ ایف اے ٹی ایف سے طے ہونے والی شرائط پر بھی پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پہلے دورہ سعودی عرب سے پہلے پارلیمنٹ نے بیل آئوٹ پیکج پر اور سعودی عرب کی جانب سے آئل ریفائنری کی تعمیر پر بھی اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ حکومت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالی انتظامات کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔ حکومت اس مالی انتظامات کی شرائط سے آگاہ کرے۔اگر یہ حساس نوعیت کی ہیں تو دونوں ایوانوں کا الگ ا لگ ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے۔ ان معاہدوں کے پاکستان اور خطے کے لیے سٹرٹیجک نتائج ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن