ورلڈ سینئر کراٹے چیمپئن شپ‘ سپین کا پاکستانی ٹیم کو ویزے دینے سے انکار
لاہور (سپورٹس ڈیسک )سپین نے ورلڈ چیمپئن شپ کے لئے پاکستان کراٹے ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار کردیا۔ میڈرڈ میں 6 نومبر سے ورلڈ سینئر کراٹے چیمپئن شپ ہورہی ہے جو کہ 2020 اولمپکس کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے، اس ایونٹ کے لئے 4 رکنی قومی ٹیم نصیر احمد، کلثوم ، نرگس اور کوچ شاہ محمد نے اسپین کی ایمبیسی میں ویزہ کے لئے درخواست جمع کروائی تھی جو کہ مسترد کردی گئی ہے۔ ان کے ساتھ کوچنگ کورس میں شرکت کے خواہشمند بابر اقبال اور محمد کاشف کو بھی ویزہ دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سپین کی جانب سے اس سلوک پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی پہچان بننے والے میڈلسٹس کو عالمی ایونٹ میں شرکت سے محروم رکھے جانے کا نوٹس لینا چاہیے۔پاکستان کراٹے فیڈریشن کے صدر محمد جہانگیر نے بتایا کہ نصیر احمد کو آئی او سی نے سکالرشپ دے رکھی ہے، انہیں ورلڈ چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے نمبر ملنا تھے جس سے اسے اولمپکس میں شرکت کے لیے مدد ملتی لیکن بڑے دکھ کی بات ہے کہ کسی کو بھی ویزہ نہیں دیا گیا۔