ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی‘ بھارت‘ ملائیشیا کا میچ فکس تھا‘ شہناز شیخ دعویٰ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سابق اولیمپئن شہناز شیخ نے ایشین ہاکی چیمینزٹرافی میں بھارت اور ملائشیا کا میچ فکس ہونے کے خدشات ظاہر کردیئے۔شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ منگل کی رات شیڈول بھارت‘ ملائشیا میچ دیکھنے بعد محسوس ہوتا ہے کہ یہ میچ فکس تھا۔ میری اس بات کی تائید میچ کے دوران کمنٹیٹر بھی کر رہا تھا کہ بھارت سپرٹ کے ساتھ نہیں کھیل رہا۔ میچ کے دوران ملائشیا نے 40 فیصد جبکہ بھارت نے 60 فیصد بال کنٹرول کے باوجود گول سکور نہ کیا۔سابق اولیمپئن نے کہا بھارتی ٹیم 22 مرتبہ ملائشیا کے گول ایریا میں داخل ہوئی لیکن گول سکور نہ کرسکی جبکہ ملائشیا 7 مرتبہ بھارتی اٹیک سرکل میں داخل ہوسکا، کھیل کے اس قدر فرق کے باوجود اور شماریات کا موازنہ کرنے سے واضح معلوم ہوتا ہے کہ یہ میچ فکس تھا۔شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی بھارت اور ملائشیا پر یہ الزامات لگتے رہے ہیں کہ دونوں ٹیمیں جان بوجھ کر ایسا کھیلتی ہیں، میری رائے میں یہ سپورٹسمین سپرٹ کے خلاف ہے۔ سلطان قابوس سپورٹس کمپلیکس مسقط میں جاری پانچویں ایشین ہاکی چیمینزٹرافی میںبھارت اور ملائشیا کے مابین کھیلا گیا یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔