پی سی بی کا ٹی 10 کرکٹ لیگ کیلئے کھلاڑیوں کو اجازت دینے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹین کرکٹ لیگ میں قومی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے لیگ کے آرگنائزر کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق 21 نومبر سے شارجہ کے میدان میں شیڈول اس ایونٹ میں اس بارقومی کرکٹرز بھی حصہ لیں گے اور جن کے معاہدے ہیں ان کو پی سی بی کی طرف سے این او سی جاری کیا جاے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے اس لیگ کی شفافیت پر سوالات اٹھاے تھے تاہم آئی سی سی حکام اور منتظمین کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں بورڈ سربراہ نے دوسرے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد منتظمین کو قومی کھلاڑیوں کے ایونٹ میں حصہ لینے کی یقین دہانی کروادی ہے۔لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز 21 نومبر کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک رنگارنگ تقریب سے ہوگا جس میں نامور شخصیات شرکت کریں گی، افتتاحی تقریب کے بعد دو میچز کھیلے جائیں گے پہلا مقابلہ راجپوتز اور کراچیئن کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں کیرالہ کنگز اور پختونز مدمقابل آئیں گے۔اس مرتبہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 29 مقابلے ہوں گے۔ 8 ٹیموں کے درمیان لیگ میں 21 نومبر سے 25 نومبرتک ابتدئی راؤنڈ ہوگا جس کے بعد 26 سے 30 نومبر تک ناک آؤٹ ہوگا۔ یکم دسمبر کو کوالیفائر اور دوالیمینٹرز میچزکھیلے جائیں گے۔ 2 دسمبر کو تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل کھیلا جائے گا اور اسی روز رنگارنگ اختتامی تقریب ہوگی۔