• news

فکسنگ سکینڈل: پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو طلب کر لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کا فیصلہ اگلے ماہ میں آئے گا۔ عمر اکمل کا نام نئے سپاٹ فکسنگ سیکنڈل میں آنے پر انہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ لیگز کے حوالے سے آئی سی سی کو سنجیدگی سی سوچنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سبحان احمد نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں لاہور قلندر کے پلیئرز ڈیویلپمنٹ سکواڈ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سبحان احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کا کیس پر آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ چونکہ معاملہ ڈسپیوٹ کمیٹی میں ہے جب تک فیصلہ نہیں آ جاتا اس پر کوئی بھی بیان نہیں دے سکتے ہیں۔ غیر ملکی ٹی وی چینل کی جانب سے سپاٹ فکسنگ ایشو کے منظر عام پر آنے کے بعد آئی سی سی سے بھی اس سلسلہ رابطے میں ہیں جبکہ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ بھی تمام معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کھلاڑی عمر اکمل کے ایشو پر انہیں نوٹس دیا ہے جس کا ابھی کوئی جواب نہیں آیا وہ کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ جب بھی فارغ ہونگے تو اس کے بعد پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹس عمر اکمل کو طلب کر کے انکا انٹرویو کرے گا۔ ٹی ٹین کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سبحان احمد کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں منتظمین سے رابطے میں ہیں۔ اس حوالے سے کچھ وضاحتیں مانگی ہیں۔ جس کی روشنی میں اپنی ٹیموں کو کھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن