• news

وزیر اعلیٰ عثمان بزدارسے شوبز شخصیات کی ملاقات ‘مسائل سے آگاہ کیا

لاہور(کلچرل رپورٹر)فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت فیاض الحسن چوہان بھی موجودتھے۔ملاقات میں فنکاروں نے اپنے اپنے شعبوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔فنکاروں کے وفد میں سینئر اداکارہ انجمن، ہدایتکارسیدنور،اداکار شان شاہد،گلوکارہ شاہدہ منی،گلوکارہ حمیرا ارشد ،جان ریمبو،میاں یوسف صلاح الدین ،موسیقار ساحر علی بگا اور دیگر شامل تھے۔ فنکاروں نے مطالبہ کیا کہ غریب فنکاروں کے وظائف میں اضافہ کیا جائے اور ہوسکے تو ان کے سر پر چھت کا بندوبست کیا جائے۔گلوکارہ شاہدہ منی نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ شادیوں سے 10 بجے کے وقت کی پابندی کو ختم کیا جائے تاکہ فنکاروں کو روزگار کے مواقع مل سکیں۔10بجے کی پابندی کے باعث شادیوں کے موقع پر ہونے والے میوزیکل شوز تقریباً ختم ہوچکے ہیں اس کے ساتھ ساتھ فنکاروں کوسر چھپانے کیلئے زیادہ بڑے نہیں تو کم از کم تین مرلہ کے مکان دیئے جائیں۔ اس کے علاوہ ان کا مناسب وظیفہ مقرر کیا جائے۔فنکاروں کا کہنا تھا کہ لاہور میں ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیراعلیٰ نے فنکاروںکے ساتھ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

ای پیپر-دی نیشن