;احتجاج صرف باپ بیٹے کا، عمران کی قیادت میں لوٹ مار ایسوسی ایشن کا احتساب ہو گا: فیاض چوہان
لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ قوم کی دولت لوٹنے والوں کے ساتھ کوئی این آر او نہیں ہوگا‘ حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کردار کشی کی‘ عمران خان کی قیادت میں آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کا احتساب ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز سے گزارش ہے کہ تپتی دھوپ میں احتجاج کیا کریں عمران نے سعودی عرب کا کامیاب دورہ کیا اور 22کروڑ عوام کا دل جیت لیا ہے۔ اپوزیشن نہیں حمزہ شہباز کی باپ بیٹا لمیٹڈ کمپنی احتجاج پر ہے۔ پیپلز پارٹی ایوان میں موجود اور اجلاس کا حصہ ہے حمزہ شہباز سے درخواست ہے گیارہ بجے ارکان کے ساتھ احتجاج میں بیٹھا کریں۔ عمران خان اقتدار میں آنے کے بعد بھی اپنے نظریات پر قائم ہیں۔ یہ آل پارٹیز کانفرنس نہیں آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن ہے آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کے کنوینئر فضل الرحمن ہیں۔ پہلے کبھی نہیں دیکھا کہ کسی نے سپیکر کا گلا پکڑا ہو‘ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا جیب میں نہیں ہے دھیلا اور چلے ہیں دیکھنے میلہ۔ پرویز الٰہی کے بعد عثمان بزدار سب سے بہتر وزیراعلی ہیں۔ ہمارا ایجنڈا صرف احتساب کا عمل کر رہے گا۔ سپریم کورٹ،نیب اور ایف آئی اے کو ہم تمام اختیارات دیں گے۔کسی بھی پارٹی رہنما کے خلاف بھی ادارے کارروائی کر سکتے ہیں۔ن لیگ کو چوہدری پرویز الہی ہضم نہیں ہو رہے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج ،آرٹ اینڈ کلچر (پلاک ) میں لوک سٹوڈیوکا افتتاح کیا۔ یہ سٹوڈیولوک و صوفی میوزک کی ترویج کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اظہار ِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجابی ثقافت کی ترویج و ترقی میں پلاک کا ادارہ اہم کردار ادا کر رہاہے۔ یہاں لوک سٹوڈیو کا قیام نہ صرف پنجابی زبان کی مقبولیت کو بڑھائے گا بلکہ ہمارے دیہات اور دور دراز علاقوں میں بسنے والے گمنام لوک فنکار اور پنجابی گلوکار اس پلیٹ فارم کو استعمال کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں گے۔
فیاض چوہان