ڈچ رکن پارلیمنٹ کے گستاخانہ ٹویٹ پر سفیر ہالینڈ دفتر خارجہ طلب شدید احتجاج
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) پاکستان میں متعین ڈچ سفیر کو جمعرات کے روز دفتر خارجہ طلب کر کے ایک ڈچ رکن پارلیمنٹ کے گستاخانہ ٹویٹ پر سخت احتجاج کیا گیا۔ سیکیرٹری خارجہ نے پاکستانی عوام اور حکومت کے تحفظات سے ڈچ سفیر کو آگاہ کیا اور کہا ڈچ پارلیمینٹیرین کی جانب سے مسلسل جان بوجھ کر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا جا رہا ہے۔ آزادی اظہار رائے کے نام پر ایسی حرکات کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ ایسے واقعات لوگوں کے جذبات کو بھڑکا کر نفرت اور تشدد کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ڈچ حکومت ان واقعات کی مذمت کر کے ان کے خلاف سخت ایکشن لے۔ ڈچ سفیر نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے پیغام کو ڈچ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ آئی این پی+ آن لائن کے مطابق پاکستان نے ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ گریٹ وائلڈرز کے گستاخانہ ٹویٹ پر ہالینڈ کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ایسے امتیازی واقعات نفرت اور عدم برداشت کا باعث بنتے ہیں اور تشدد کو بڑھاتے ہیں۔ اظہار رائے کے نام پر ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سفیر طلبی