پرویزالٰہی شاہ سے بڑھ کر وفادار نہ بنیں، عمران بتائیں این آر او کس نے مانگا: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب کے بجٹ میں کسانوں کے گلے پر چھری چلائی گئی ہے۔ ہم نے 638 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا جس میں 229 ارب روپے جنوبی پنجاب کے لئے تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جعلی وزیراعظم عمران خان کام کرنے کی بجائے تڑیاں لگا رہے ہیں۔ گرفتاریوں سے نہ پہلے گھبرائے نہ اب گھبرائیں گے۔ اللہ ہمیں سرخرو کرے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاو¿ن میں پریس کانفرنس سے خطاب میں حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ نیب کالا قانون ہے جو ڈکٹیٹر پرویزمشرف کی پیداوار ہے۔ ہماری غلطی ہے کہ ہم نے اسے تبدیل نہیں کیا۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ قوم کے سامنے ہے۔ نیب عمران نیازی کے ہاتھ میں کھلونا بن چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب سیاست زدہ ہو چکا ہے۔ نیازی صاحب نے کل پھر جیلوں کی بات کی ہے۔ دھاندلی زدہ وزیراعظم جب ایسی باتیں کرتے میں تو ان پر رحم آتا ہے۔ نیازی صاحب جب مشرف کے گیت گاتے تھے تو میں نیب کی پیشیاں بھگت رہا تھا۔ نیازی صاحب این آر او کی بات کرتے ہیں۔ وہ بتائیں یہ این آر او ان سے مانگا کس نے ہے۔ کیا میں پرویز خٹک ہوں جس پر 11 ریفرنس ہیں۔ کیا میں بابر اعوان، علیم خان یا پرویز الٰہی ہوں جو این آر او مانگوں گا۔ عمران خان بغض اور حسد سے بھرے ہوئے ہیں۔ ہمیں اس حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے یا اسے گرانے کی کوئی جلدی نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان کی حکومت قوم کے سامنے بے نقاب ہو، قوم کو عمران خان کے وعدے یاد ہیں۔ ہم ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ نیازی صاحب احتساب تو وہ کرتا ہے جس کا دامن صاف ہو۔ آپ تو خود نیب زدہ ہیں، نیازی صاحب سے چیئرمین نیب کس حیثیت میں ملاقاتیں کر رہے ہیں، وزیراعظم ہی نہیں بلکہ پوری حکومت ہی نیب زدہ ہے۔
حمزہ شہباز