• news

شاہ محمود سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات‘ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے نئے امریکی ناظم الامور پال جونز نے ملاقات کی‘ ملاقات میں افغانستان میں حالیہ انتخابات کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے نئے امریکی ناظم الامور پال جونز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان میں حالیہ انتخابات کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پال جونز نے خطے میں امن کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ ۔ دونوں رہنماﺅں نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ مقاصد کے لئے تعاون پر اتفاق کیا ۔جنرل رپورٹر کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیشنل پریس کلب میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ستربرسوں میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے خواتین کی بے حرمتی کی گئی کیونکہ کشمیر کی غیور عوام بھارت کی تسلط اور استحصال پر مبنی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا انتہائی اہم جزو ہے ۔بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے نہتے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد کو دہشت گردی سے تعبیر کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے ۔بھارت کا کشمیر میں جاری ظلم و ستم کسی سے پوشیدہ نہیں- سیاسی پارٹیوں میں بہت سے اختلافات کے باوجود تمام پارٹیوں کا مسئلہ کشمیر پر متفقہ موقف ہے جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف میں کوئی اخلاقی اور قانونی سکم موجود نہیں۔ پاکستانی موقف واضح اور غیر لچکدار ہے۔ ایک دن کشمیر ضرور پاکستان کا حصہ بنے گا۔

شاہ محمود

ای پیپر-دی نیشن