بہترین بجٹ دیا‘ مالی مشکلات کے باوجود عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے : عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مالی مشکلات ضرور ہیں لیکن عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔ تحریک انصاف کی پہلی صوبائی حکومت نے مشکل حالات کے باوجود بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور ارکان اسمبلی نے بجٹ اجلاس کے دوران مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور پارلیمانی روایات کو برقرار رکھا۔ پنجاب اسمبلی مےں بجٹ منظور ہونے کے بعد خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دشواریوں کے باوجود تمام اضلاع کیلئے ترقیاتی بجٹ دیا گیا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں واحد بجٹ ہے جس میں اعداد و شمار کی ہیرا پھیری نہیں اور نہ ہی کچھ چھپایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے کابینہ کے اجلاس کا سلسلہ شروع کریں گے۔ پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق گڈگورننس کو بلندیوں تک لے کر جائیں گے اور ارکان اسمبلی سے پہلے سے زیادہ مشاورت کرکے اگلا بجٹ پیش کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت سے تعاون اور اعتماد کرنے والوں کا مشکور ہوں۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کے عملے کو 2 ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کیا۔ ارکان اسمبلی نے ایوان میں عمران خان زندہ باد اور عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے۔ قبل ازیں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور تبدیلی سب کو نظر آئے گی۔ ہم نے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔عوامی خدمت کے سفر میں جو کچھ ممکن ہو سکا، وہ کریں گے۔ تمام ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں وزیراعلیٰ ہیں۔ جلد ڈویژنل ہیڈکوارٹرز، ضلعی ہیڈکوارٹرز اور حلقوں کا دورہ کروں گا۔ تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ پہلا صوبائی بجٹ عوام کی امنگوں کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ پارلیمانی پارٹی میں آ کر لگتا ہے میں اپنے گھر آیا ہوں۔ ہم نے مل کر اپنے گھر کو خوبصورت بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ساڑھے 3 گھنٹے اجلاس میں عثمان بزدار نے فےصل آباد، راولپنڈی اور لاہور ڈوےژن کے ارکان صوبائی اسمبلی کے مسائل سنے۔ وزیراعلیٰ تجاویز اور مطالبات کو خود نوٹ کرتے رہے اور بعض مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات دئےے۔ ارکان اسمبلی نے اپنے علاقوں کے ترقےاتی کاموں اور دےگر مسائل سے بھی وزےراعلیٰ کو آگاہ کےا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے مسائل میرے اپنے مسائل ہیں، ان کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے اور آپ سے رابطوں کا سلسلہ مستقل طورپر جاری رہے گا۔ یہ مشکلات وقتی اور عارضی ہیں ، ہم ملکر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔ میں نے خود آپ کے مطالبات او رمسائل نوٹ کئے ہیں، ان پر عملدرآمد بھی ہوگا اور آپ کو فیڈ بیک بھی دیں گے۔ قبضہ مافیا اور تجاویزات کے خلاف آپریشن صرف با اثر اور بڑے لوگوں کے خلاف ہے۔ غریب لوگوں کے خلاف یہ آپریشن نہیں ہو رہا۔ خیبر پی کے کی طرح ہر ضلع میںایک وزیرکی ڈیوٹی لگائی جائے گی اوریہ وزیر ضلع کی سطح پر آپ کے مسائل سنیں گے او ر حل کریں گے۔ عثمان بزردار نے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی ٹونٹی میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر 21 اکتوبر کو ڈیرہ غازی خان کے قریب ٹریفک حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
عثمان بزدار