امریکہ میزائل معاہدے سے الگ ہوا تو یورپی ممالک کو نشانہ بنائیں گے: پیوٹن
ماسکو(آئی این پی+اے ایف پی)روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے دھمکی دی ہے کہ امریکہ میزائل معاہدے سے علیحدہ ہوا تو ماسکو فوری طور پر ردعمل ظاہر کرے گا جس میں امریکی میزائل نصب کرنیوالے یورپی ممالک کو نشانہ بنایا جائے گا۔یہاں میڈیا سے گفتگو میں کہا امریکی صدر کے آئی این ایف معاہدے سے علیحدگی کے بعد دنیا بھر میں ایٹمی ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہوجائے گی۔ ہتھیاروں پر کنٹرول ختم ہونے سے دنیا میں بڑی تباہی آسکتی ہے ، پولینڈ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ روس کی سرحد پر امریکی میزائل نصب کرنیوالے یورپی ممالک کو سب سے پہلے نشانہ بنایا جائیگا۔ سرد جنگ کے خاتمہ کے بعد نیٹو نے سب سے بڑی فوجی مشقیں ناروے میں شروع کر دیں مقصد روس کو اپنی طاقت دکھانا ہے، 31 ممالک کے 50 ہزار فوجی 10 ہزار گاڑیاں 65 بحری جہاز اور 250 طیارے ایکسرسائز ٹرائی ڈینٹ جنکچر 18 میں حصہ لے رہے ہیں ۔