پاکستان اور برطانیہ میں قیدیوں کا تبادلہ جلد ممکن ہو گا: معاون خصوصی احتساب
لندن (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ احتساب کسی فرد واحد کے خلاف نہیں ہو رہا، حوالگی کے مقدمات پر برطانوی حکومت سے مذاکرات ہوئے قیدیوں کے تبادلے پر بات ہوئی ہے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ جلد ممکن ہو گا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ یہاں کی عدالتوں اور اداروں کو مطمئن کرنا پڑے گا کہ کارروائیاں سیاسی نہیں۔ وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد معاہدے کی منظوری ہو گی۔ اسحاق ڈار کی واپسی کے کیس پرکام جاری ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے کہ اسحاق ڈار کوواپس لایا جائے۔ زیرالتوا کیسز میں لندن کے قوانین کے تحت کسی کا نام نہیں لے سکتے۔ پاکستان سے باہر جائیداد ہونا غیر قانونی بات نہیں۔ سوئس اکاﺅنٹس سے متعلق معاہدہ نومبر میں ہونے کا امکان ہے۔ سوئس بنکوں میں پاکستانیوں کے کتنے پیسے اور اکاﺅنٹس ہیں یہ معلوم کرنا مشکل ہے۔ معاہدے کے بعد پتہ چلے گا کہ سوئس بنکوں میں پاکستانیوں کے کتنے پیسے پڑے ہوئے ہیں۔ بانی ایم کیو ایم کے منی لانڈرنگ کیس سے متعلق بات نہیں ہوئی۔
شہزاد اکبر