• news

شہباز شریف نے ادارے تباہ کر دیئے: پرویز الٰہی، بہتر حالات کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں: فیاض چوہان

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی بیڈ گورننس نے صوبہ اور ادارے برباد کر دیئے، ہمارے دور حکومت کے منصوبے تاخیر کا شکار کرنے والوں کے تعین کےلئے کمیٹی بنا دی ہے، سابق وزیراعلیٰ سمیت جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف کارروائی ہو جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کے ہاتھ کی لگائی ہوئی گانٹھیں جلد کھل جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر پرویز الٰہی نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ بیٹھ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، پلاٹ اور گھر ہمیشہ بڑے بڑے لوگوں کو ہی ملتے رہے ہیں، جلد وزیراعلیٰ سے ملکر صحافیوں کو پلاٹس دلواﺅنگا، ملتان اور راولپنڈی کے صحافیوں کے حقوق کے لیے بھی کام کرینگے۔ اچھے گھروں میں رہنا امراءکا ہی حق نہیں، اسی سوچ کے تحت میں نے ذاتی کوششوں سے صحافی کالونیاں بنائیں، لاہور میں اس کا فیز II بھی بنانا چاہتے ہیں تاکہ جو صحافی مکانوں سے محروم ہیں ان کو بھی گھر مل سکیں، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی درخواست کروں گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تین دفعہ اپوزیشن کا رویہ برداشت کیا، چوتھی مرتبہ گلے کو پڑ رہے تھے، فرنیچر توڑنے اور ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں جتنے لوگوں کو نوکریاں دی گئیں شہباز شریف نے انکو تنگ کیا، آج پنجاب کو بدحال چھوڑا گیا ہے، اورنج لائن ٹرین، ساہیوال کول پاور اور نندی پور میں صرف کمیشن کا چکر تھا۔ پرویز الٰہی نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کو خزانے پر بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے بیڈ گورننس کرکے صوبہ خراب اور زراعت کو تباہ کر دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کو حوالے سے کہا کہ سعودی عرب کے کامیاب دورے پر وزیراعظم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے کرپشن کی نئی راہیں کھولیں، ان کی ہاتھوں سے باندھی گانٹھوں کو حکومت کو منہ سے کھولنا پڑ رہا ہے، قوم یقین رکھے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو کرپشن سے پاک کرکے صحیح معنوں میں خوشحالی کے راستے پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا وہ صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہیں ہیلتھ کارڈ کے بعد صحافیوں کی انشورنس بھی یقینی بنائیں گے۔ سٹیٹ لائف اور ای ایف یو سے بات چیت کر رہے ہیں اور جلد اس حوالے سے مثبت پیشرفت ہو گی۔
پرویز الٰہی/ فیاض چوہان

ای پیپر-دی نیشن