• news

لیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا

 لاہور (نیوز رپورٹر) لیسکو ایسٹرن سرکل نے بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا، سرحدی دیہاتوں میں بااثر بجلی چوروں کو پکڑ لیا گیا۔ سابق گورنرخیبر پی کے امیر گلستان سمیت 12بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ پنجاب میں انسداد بجلی چوری ٹاسک فورس بننے کے بعد لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کی گئیں، لیسکو چیف کی ہدایت پر ایسٹرن سرکل کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر محمد رشید چودھری کی زیرنگرانی ایس ڈی او محمود بوٹی محمدعلی اور ایس ڈی او واہگہ محمد سبحان نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا۔کریک ڈاﺅن کے دوران گاﺅں بھسین،گاﺅں للو اور گاﺅں ایچوگل میں کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران سابق گورنر خیبر پی کے امیر گلستان کی ملکیت زرعی اراضی کے ٹیوب ویل پر بجلی چوری پکڑی گئی، سابق گورنر کے ٹیوب ویل پر لگے میٹر کو ٹمپرڈ کرکے بجلی چوری کی جارہی تھی۔ اس کے علاوہ لیسکو ٹیموں نے مزید 8زرعی ٹیوب ویلز اور 2انڈسٹریل یونٹس کی بجلی چوری بھی پکڑی گئی۔ ایسٹرن سرکل کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر محمد رشید چودھری نے کہا کہ بجلی چوروںکے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ سرحدی علاقوں خصوصاً شالامار ڈویژن میں بااثر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بغیر کسی دباﺅ کے جاری رہے گا، کوئی کتنا بھی طاقتور ہو اسے بجلی چوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ بجلی چوروں قومی خزانے کو نقصان پہنچار ہے ہیں‘ ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ پنجاب کی نسبت خیبر پی کے‘ اندرون سندھ اور بلوچستان میں چوری کی شرح زیادہ ہے‘ تینوں صوبوں میں تو کئی علاقوں میں میٹر بھی نہیں لگے ہوئے‘ دسمبر تک تمام میٹر لگانے کاہدف ڈسکوز کو دیدیا گیا ہے۔ دریں اثناء لیسکو اور سوئی گیس کی ٹیموں نے ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں عابد ٹاﺅن سمسانی روڈ، یکہ مارکیٹ اور مراکہ میں 115گھروں سمیت چار فیکٹریوں اور ایک پلازہ کی دکانوں میں ڈائریکٹ بجلی چوری پکڑ لی جبکہ عابد ٹاﺅن سے ہی 100گھروں میں ڈائریکٹ گیس کی چوری پکڑ لی۔ ایک پلازہ سمیت چار فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
بجلی چوری/آپریشن

ای پیپر-دی نیشن