• news

ختم نبو ت، ناموس رسالت کا تحفظ مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری ہے: سراج الحق

لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ اگر انہوں نے یہ ذمہ داری پوری نہ کی تو وہ دنیا وآخرت میں اس کی جوابدہی سے بچ نہیں سکیں گے۔ خاتم المرسلین حضرت محمدؐ سے عشق و محبت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے کوئی مسلمان آپؐکی اہانت برداشت نہیں کرسکتا۔ ہالینڈ کے بدبخت گیرٹ ولڈر نے خاکوں کا دوبارہ مقابلہ کروانے کا اعلان کیا ہے جس کا حکومت پاکستان کو فوری نوٹس لینا اور ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کرنا چاہیے۔ اگر سلمان رشدی کو فوری سزا دی جاتی تو آج کسی کو ابنیائؑ کی اہانت کی جرأت نہ ہوتی۔ مغرب کے اشاروں پر کچھ لوگ 295-C کو آئین سے نکلوانے کی سازش کر رہے ہیں ۔ آئین کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو قوم برداشت نہیں کرے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ چند شر پسند اٹھیں اور مقدس ہستیوں کی توہین شروع کردیں۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ فوری قانون سازی کر کے قابل احترام ہستیوں کی اہانت کو ناقابل معافی جرم قرار دے۔ انہوںنے کہاکہ حضرت محمدؐ کی اہانت پونے دو ارب مسلمانوں کی عقیدت ومحبت کے مرکز پر حملہ ہے جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ سینیٹر سراج الحق نے معیشت کی زبوں حالی پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ملکی معیشت اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے ۔ حکمران معیشت کی بہتری اور خوشحالی کی باتیں اور اعلانات بہت کرتے ہیں مگر عملاً کچھ کرنے کو تیار نہیں۔ حکمرانوں کو ادھر ادھر دیکھنے اور آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے اللہ کے در پر جھکنا چاہیے تھا۔ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے حکمرانوں کو اللہ کے نظام کی طرف لوٹنا اور توبہ و رجوع الی اللہ کا راستہ اپنانا ہو گا۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی اسلام آبادکے زیراہتمام (27 اکتوبر) کو مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم اور قتل وغارت کے خلاف کشمیر مارچ ہوگا جس کی قیادت سراج الحق اور مرکزی قائدین کریں گے۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق کشمیر مارچ آبپارہ مارکیٹ سے ایک بجے بعد دوپہر روانہ ہوگا ۔ کشمیر مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بڑی تعداد میں خواتین، بچے اور افراد کشمیر مارچ میں شرکت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن