• news

کشمیریوں پر مظالم کیخلاف جماعۃ الدعوۃ کا لاہور سمیت ملک بھر میں احتجاج

لاہور (خصوصی نامہ نگار + نمائندگان)جماعۃ الدعوۃ کی اپیل پر مقبوضہ کشمیرپر بھارتی قبضہ کے71 برس مکمل ہونے اور کشمیر میں جاری قتل و غارت گری کے خلاف ملک گیر سطح پر زبردست احتجاج کیا گیا۔ لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، حافظ آباد، ڈسکہ، سیالکوٹ، ملتان، کوئٹہ، پشاور اور مظفرآباد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیاجن میں طلبائ، وکلائ، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جمعہ کے بعد مختلف شہروں و علاقوں میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ مظاہروں کے دوران ہزاروں شرکاء کی جانب سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کی سخت مذمت کی گئی۔علماء کرام نے خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں بھی پاس کیں۔آج 27اکتوبر کو بھی مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیا گیا جس میںمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ سعید، ابوالہاشم ربانی، عقیل چوہدری ایڈووکیٹ، میاں عامر عباس، حافظ عابد، میاں غلام مصطفی، حافظ عثمان شفیق، حبیب الرحمان چیمہ ودیگر نے خطاب کیا۔ چوبرجی میں مظاہرہ کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر برہان تیرے لہو سے دیپ آزادی کے چلیں گے، کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ، عبدالمنان وانی اور معراج الدین بنگرو شہید کا لہو تحریک آزادی کے لئے روشن باب ودیگر تحریریں درج تھیں۔ شرکاء کشمیریوں کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ حافظ سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پاکستان کے لئے جانیں قربان کر رہے ہیں اور پاکستانی پرچم میں دفن ہو رہے ہیں اگر ان حالات میں پاکستان خاموش رہا تو یہ مجرمانہ غفلت ہو گی۔ ملک کے کونے کونے میںاسلامیان پاکستان کو بیدار کیا جائے۔ کشمیریوں کے ساتھ حکومت اور عوام کو کھڑا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے وطن عزیز پاکستان میں ایک تحریک برپا کرنے کی ضرورت ہے۔اس حوالہ سے وکلاء کو کردار ادا کرنا چاہئے۔ وکلاء برادری نے جس طرح ماضی میں بھرپور تحریک چلائی اور قانون کا لوہا منوایا اسی طرح کشمیر کی تحریک کے لئے بھی وکلاء کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن