الیکشن کمشن کا شناختی کارڈ پر درج پتہ پر ووٹ بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے شناختی کارڈ پر درج مستقل و عارضی پتہ پر ووٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کرایا جاسکتا ہے۔ ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ کے مطابق درج ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ مندرجہ بالا ایکٹ کی روشنی میں 31 دسمبر 2018ءتک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق منتقل کرالیں۔ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کیلئے فارم نمبر 21 الیکشن کمشن کی ویب سائٹ یا رجسٹریشن افسر/ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر/ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں۔ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کیلئے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔
الیکشن کمشن