• news

پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرینگے‘ عمران کے دورے سے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے : ترجمان چینی وزارت خارجہ

بیجنگ +لاہور(ایجنسیاں+خصوصی رپورٹر) چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو اچھی ہمسائیگی اور دوستی، علاقائی امن واستحکام کے فروغ اور ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کامثالی نمونہ بنایا جاسکے۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہاکہ ہم پاکستان کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں تاکہ وزیراعظم عمران خان کے چین کے دورے کو مکمل طورپر کامیاب بنایا جاسکے۔ عمران خان کے آئندہ ماہ دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ جائیں گے، چینی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے، چین نے پاکستانی وزیراعظم کو نومبر کے آغاز میں دورہ چین اور چین کی بین الاقوامی درآمدی نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار دوست ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی سطح ہمیشہ بلند رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو قرض کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔چین اس بات کو سمجھتابھی ہے اور اس نے اس سلسلے میں مثبت اقدام کرنے کے لیے پاکستان کی مدد بھی کی ہم نے اپنی بہترین اہلیت کے مطابق پاکستان مدد فراہم کی ہے ۔ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی حکومت ان عارضی مشکلات پر قابو پانے اور وہ ملک میں پائیدار اور صحت مندانہ اقتصادی ترقی برقرار رکھنے کی اہلیت رکھتی ہے۔چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے جو بہت اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم 2 نومبر کو سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچیں گے۔ وزیراعظم چین کی اعلی کمپنیوں کے سربراہوں اور دیگر بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ چینی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور نئے راستوں پر تعاون بھی تلاش کیا جائے گا۔ عمران خان غربت کے خاتمے، کرپشن، زراعت، صنعتی تعاون اور ترقی پر زیادہ توجہ مرکوز کررہے ہیں ان چیزوں پر چینی حکام کے ساتھ بات چیت ہوگی۔ امید ہے کہ ہم ان شعبوں میں چین کے ساتھ کچھ معاہدے بھی کر پائیں گے۔ وزیراعظم شنگھائی جائیں گے جہاں وہ پہلی امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔

چینی وزارت خارجہ

ای پیپر-دی نیشن