عرس داتا گنج بخش ؒ کی 3 روزہ تقریبات آج شروع، ٹریفک پلان جاری
لاہور (سٹاف رپورٹر + این این آئی) الشیخ السید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے 975ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات آج (اتوار ) 28اکتوبر سے شروع ہوں گی جو 30اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 11 بجے دن رسم چادرپوشی سے ہوگا۔ حسب روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیا جائے گا۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی طرف سے زائرین کیلئے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کیلئے ایک کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ زائرین کے تحفظ کے لےے محکمہ اوقاف ومذہبی امور نے سالانہ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کےے ہیں ا س ضمن میں 148 سکیورٹی و کلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کے لےے نصب ہیں، الگ سے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ پولیس نے 2000پولیس اہلکار تعینات کےے ہیں جس میں 3ایس پیز، 7ڈی ایس پیز شامل ہیں۔ داخل ہونےو الے راستوں پر 11واک تھرو گیٹس اور 36میٹل ڈیٹکٹرز15واکی ٹاکی،22انٹرکام زائرین کی حفاظت کے لےے مہیا کئے گئے ہیں۔ صفائی کے خصوصی اقدامات کے لےے 250ورکرز رات دن دو شفٹوں میں کام کریں گے۔ سنٹرل ماڈل ہائی سکول۔II، ریٹی گن روڈ، مسلم سکول نمبرIIاور داتا دربار ہسپتال لاہور میں وسیع پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ دریں اثناءسٹی ٹریفک پولیس لاہور نے عرس ؒکی تین روزہ تقریبات کےلئے ٹریفک پلان جاری کردیاایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن آصف صدیق ٹریفک انتظامات کی مکمل نگرانی کریں گے، 3 ڈی ایس پیز، 18 انسپکٹرز،31 پٹرولنگ افسر اور213 وارڈنز فرائض سرانجام دیںگے، کچھ روڈز کو عام ٹریفک کیلئے بند رکھاجائیگا۔ ٹریفک پلان کے مطابق 28، 29، 30 اکتوبر کو ضلع کچہری سے جانب داتا صاحب روڈ ٹریفک کےلئے بند ہو گی،بھاٹی چوک ہر قسم کی ٹریفک کےلئے بند ہو گا،پیر مکی یوٹرن سے جانب داتا دربار ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا، کارنر ڈی آئی جی آپریشنز آفس سے جانب لوئرمال کراسنگ و ریٹی گن عام ٹریفک کےلئے بند ہوگا، 30اکتوبر کو بسلسلہ چہلم حضرت امام حسینؓ موری گیٹ سے جانب بھاٹی گیٹ ہر قسم کی ٹریفک کےلئے بند ہو گی۔ ٹریفک کےلئے مندرجہ ذیل متبادل روٹس استعمال ہونگے۔مال روڈ، سول سیکرٹیریٹ کی شاہدرہ جانے والی ٹریفک کو بذریعہ آ¶ٹ فال روڈ، سگیاں، رنگ روڈ بھجوایا جائے گا، شاہدرہ سے سول سیکرٹریٹ آنے والی ٹریفک براستہ آزادی فلائی اوور ریلوے سٹیشن و اندرون لاہور جاسکے گی، اندرون سرکلر روڈ سے بھاٹی چوک آنے والی ٹریفک کو براستہ بانساں والا بازار، میو ہسپتال جانب نیپیئر روڈ، مال روڈ جاسکے گی۔فیروز پور روڈ اور سگیاں سے دودھ لےکر آنے والی گاڑیاں اور ریڑھے براستہ کارنر ڈی آئی جی آپریشن چوک، اسی طرح شاہدرہ سے دودھ لےکر آنے والی گاڑیاں اور ریڑھے پیر مکی یو ٹرن، شاہ عالم چوک، موری گیٹ سے اردو بازار، لاءکالج، ضلع کچہری چوک سے اوقاف کی گاڑیاں دودھ والی سبیلوں تک پہنچائیں گی، سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ شہریوں کو راستہ ایپ اور ایف ایم88.6 کے ذریعے آگاہ رکھا جائے گا، شہری کسی بھی قسم کی راہنمائی اور مد د کےلئے ہیلپ لائن15پر کال کرسکتے ہیں۔
عرس گنج بخش