• news

مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی سیاہ رات ختم ہوکر رہے گی: فیاض الحسن

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی سیاہ رات ختم ہوکر رہے گی، آزادی کی جنگ لڑنے والے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم قابل مذمت اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ راولپنڈی آرٹس کونسل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ تسلط کے حوالے سے منعقد کی گئی تصویری نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے لیکن بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے ان وحشیانہ مظالم کے ساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں بھی شدت آتی جارہی ہے۔ بزور طاقت حق کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا اور کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنے استصواب رائے کا حق حاصل کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا اور مسئلہ اس وقت عالمی سطح پر ایک فلیش پوائنٹ بن چکا ہے اور دنیا کی تمام مہذب اور امن پسند اقوام مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کررہی ہیں۔ کشمیر کی آزادی کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ مزید براں فیاض الحسن چوہان نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور عربیک زون باکسنگ کونسل کے صدر سید نعمان شاہ کے والد کے انتقال پر ان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان

ای پیپر-دی نیشن