بیت المال تھیلیسیمیا میں مبتلا فیصل آباد کے 3 بہن بھائیوں کا علاج کرائے گا
فیصل آباد ( نما ئندہ خصوصی)فیصل آباد میں تھیلیسیمیا اور ہڈیوں کی پراسرار بیماری میں مبتلا تین بہن بھائیوں کو مسیحا مل گیا۔ ایم ڈی بیت المال نے نوٹس لیتے ہوئے تینوں بہن بھائیوں کے علاج معالجہ کا بیڑا اٹھالیا۔فیصل آباد کے علاقہ جھمرہ روڈ پر واقع محلہ بھائی ولا کے رہائشی تھیلیسیمیا اور ہڈیوں کی پراسرار بیماری میں مبتلا تین بہن بھائیوں کی بیماری کی میڈیا پر خبر نشر ہوئی تو ایم ڈی بیت المال عون عباس نے تینوں بہن بھائیوں کے علاج معالجہ کیلئے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کر دیا۔ بیت المال کی ٹیم متاثرہ خاندان کے گھر پیر کے روز دورہ بھی کرے گی۔غربت کی چکی میں پستے والدین کو بچوں کے علاج کی امید نظر آئی تو انکے چہرے بھی خوشی سے کِھل اٹھے۔ ایم ڈی بیت المال نے کہا کہ تینوں بہن بھائیوں کے علاج معالجہ کروانے کے ساتھ ساتھ انکی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔