موسلادھار بارش،پاکستان، بھارت ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے مشترکہ فاتح قرار
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ )ا یشین ہاکی چیمپئن ٹرافی ٹورنا منٹ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ فاتح قرار دیدیا گیا ۔ فائنل سے قبل ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے کھیل ممکن نہ ہوسکا ۔ انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے بارش کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا اور ٹاس پر فیصلہ کیاگیا کہ جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ ٹرافی اور سلور میڈلز کی حقدار ٹھہرے گی اور ٹاس ہارنے والی ٹیم گولڈ میڈلز کی حقدار ہوگی ۔ بھارت ٹاس جیت گیا جس کی وجہ سے وہ ٹرافی اور سلور میڈلز کا حقدار ٹھہرا ‘پاکستانی ٹیم گولڈ میڈلز کی حقدار ٹھہری ۔ پاکستان اور بھارت اس سے قبل دو دو دو بار یہ ٹرافی جیت چکے ہیں ۔ اس سے قبل تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا نے جاپان کو د وکے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی ۔ ملائیشیا کی ٹیم نے مسلسل پانچویں بار تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ جنوبی کوریا نے اومان کو شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی ۔ بھارت نے 2011 اور 2016 میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے ٹائٹلز جیتے جبکہ پاکستان نے 2012 اور 2013 میں چیمپئن بنا۔قومی ہاکی چیف حسن سردار نے پاکستان اور بھارتی ٹیموں کے درمیان مقابلوں کے حق میں ووٹ دیدیا۔ماضی کے عظیم کھلاڑی حسن سردار کا کہنا ہے کہ روایتی حریف کے درمیان مقابلے ہوتے ہیں تو اس سے نہ صرف دونوں ٹیموں کا فائدہ ہے بلکہ شائقین کو بھی زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ پاکستان‘ بھارت مقابلے تسلسل کے ساتھ ہونے چاہیے، ایشین چیمپئن ٹرافی کا فائنل ہی نہیں بلکہ ہر ایونٹ کا فائنل کھیلنا چاہیے۔حسن سردار نے کہا کہ پاک بھارت ٹیموں کو ویسے بھی میچز کھیلنے چاہیے تاکہ کھیل کی حقیقی معنوں میں پروموشن کی جاسکے اس وقت پاکستان ہاکی ٹیم کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کی ضرورت ہیتاکہ کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع مل سکے۔