دیانتداری سے کام کرنیوالوں کیساتھ تبدیلی کے سفر میں بیورو کریسی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے : عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرکاری افسر گڈ گورننس اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ ترقی اور تبدیلی کے تاریخی سفر میں بیوروکریسی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔ پنجاب میں سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے بہترین افسروں کی ٹیم لا رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے پنجاب میں تعینات کئے جانے والے افسروں سے گفتگو میں کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں، اپنے ملک اور آنے والی نسلوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہمارا مشن ہے، اس مشن کی کامیابی کیلئے پوری ٹیم کو دن رات ایک کرنا ہوگا، دیانتداری سے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دینے والے افسروں کی قدر کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب کا ہر افسر میری ٹیم کا رکن ہے اور میں اپنی ٹیم کے ہر رکن کی قدر کرتا ہوں اور ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والوں کے ساتھ ہوں۔ وزیراعلیٰ نے افسروں کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈا کے مطابق تبدیلی کیلئے بھرپور محنت کرنی ہے۔ پنجاب 100 روزہ ایجنڈا پر عملدرآمد کے سلسلے میں لیڈ کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے نئے تعینات ہونے والے سیکرٹریوں، کمشنروں، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنروں، ڈی پی اوز، اسسٹنٹ کمشنروں سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی اور انہیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات پیشہ ورانہ انداز سے کام کرنے کی تاکید کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں نئے تعینات ہونے والے افسروں کے اعزاز میں ٹی پارٹی دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے افسروں کو اپنائیت کا احساس دلاتے ہوئے نئی روایت قائم کی جس سے افسروں کا اعتماد بحال ہونے مدد ملی گی اور وہ اپنی کارکردگی کا بھرپور مظاہرہ کرسکیں گے۔ افسروں نے اسے خوشگوار تبدیلی سے تعبیر کیا ہے۔ علاوہ ازیں وفود سے گفتگو میں سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محروم معیشت طبقے کی نمائندگی کرتا ہوں، حقوق دلا کر دم لوں گا۔ پنجاب مثبت سمت میں پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے۔ جنوبی پنجاب سمیت ہر چھوٹے بڑے شہر کے مسائل پر نظر ہے۔ صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی دیں گے اور جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا بھرپور ازالہ کریں گے۔ معاشی مسائل کے باوجود بجٹ میں ہر ضلع کیلئے ترقیاتی پیکیج دے رہے ہیں۔ ڈویلپمنٹ سکیموں کیلئے عوامی نمائندوں سے مشاورت کریں گے۔ 100 روز مکمل ہونے پر حقیقی فلاحی پلان سامنے آ جائے گا، حالات دن بدن بہتری کی جانب جا رہے ہیں، اچھا وقت جلد آئے گا۔ ہر کام میرٹ پرہوگا، کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ عثمان بزدار نے کوہستان کے قریب بس کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹی ٹونٹی سیریز میں آسٹریلیا کو وائٹ واش کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
عثمان بزدار