آئی جی اسلام آباد تبادلے کا اعظم سواتی واقعہ سے تعلق نہیں:فواد چودھری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا اعظم سواتی کے واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔ آئی جی کے تبادلے کا معاملہ ایک ہفتہ پہلے شروع ہوچکا تھا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا وزیراعظم کے اس وزیر داخلہ کا عہدہ ہے، وہ آئی جی کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔ کسی افسر کے پاس منتخب نمائندے کا فون نہ سننے کا اختیار نہیں۔ بیورو کریسی نے فون نہیں سننا تو معاملات کیسے چلیں گے۔ نئے آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کیلئے انٹرویوز ہوچکے ہیں۔ صباح نیوزکے مطابق ترک میڈیا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا پاکستان جدید جمہوری ریاست ہے اس میں میڈیا مکمل آزاد ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان سیاحتی مقامات کے باعث خاص مقام رکھتا ہے پاکستان اور ترکی ثقافتی، تاریخی ، مذہبی اور بھائی چارے کے روابط سے جڑے ہوئے ہیں انہوں نے کہا پی ٹی آئی کا اقتدار میں آنا در حقیقت نوجوان اور متوسط طبقے کا انقلاب ہے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں پاکستان کی 64فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ حکومت منشور کے تحت کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا سعودی عرب کیلئے شریف خاندان کی کوئی اہمیت نہیں رہی ، احتساب کا عمل منطقی نتیجے تک پہنچایا جائیگا ، سعودی پیکج کے بعد مزید دوبڑے پیکجز آرہے ہیں،اپوزیشن کی تمام حکمت عملی این آر او لینے کیلئے ہے؟ شریف برادران پہلے بھی این آر او کرکے چلے گئے تھے لیکن یہ مانتے نہیںجو آل پارٹیز کانفرنس ہورہی ہے اس کودیکھتے ہوئے بتایا جائے آصف زرداری ، نواز شریف اور فضل الرحمان کاآپس میں کیا نظریہ ہے ، یہ اس لئے اکٹھے ہورہے ہیں ان کے ساتھ کوئی این آر او ہوجائے ، ان کا مقصد ہی این آر او کے سوا کچھ اور نہیں۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کی تمام تر حکمت عملی اورحکومت پردباﺅ این آراو لینے کی کوشش ہے لیکن عمران خان کسی کواین آر او نہیں دیں گے ، وہ حکومت چھوڑ دیں گے لیکن بلیک میل نہیں ہونگے ، احتساب کا عمل منطقی انجام تک پہنچے گا۔وقائع نگار خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے ایشیائی اور خطے سے باہر ممالک سے مربوط روابط قائم رکھنا ہمارا ایجنڈا ہے، ان کو اکٹھا کرنا انتہائی اہم اقدام ہے۔ انہوں نے اے پی اے کا پاکستان میں انعقاد پر پیغام میں کہا ایشیائی پارلیمانی سربراہان کا اجلاس بلا کر ان کو اکٹھا کرنا انتہائی اہم اقدام ہے۔
فواد چودھری
فواد چودھری