• news

حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

لاہور/اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی ) نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج 20 صفرالمظفرکو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر سیمینار اور مجالس عزا کا اہتمام ہوگا، صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزئیے کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا۔ چہلم کے سلسلے میں مرکزی جلوس آج صبح حویلی الف شاہ دہلی گیٹ سے برآمد ہوگا جو کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی برآمدگی سے لیکر اختتام تک جگہ جگہ زنجیر زنی اور ماتم کیا جائیگا، چہلم کے سلسلے میں آج شہر کے مختلف مقامات سے تعزیہ اور شبیہ ذوالجناح کے چھوٹے اور بڑے جلوس بھی نکالے جائیں گے۔اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق وزارت داخلہ نے حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر آج منگل 30اکتوبر 2018ءکو صوبائی حکومتوں کی طرف سے جی پی آر ایس، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی درخواستوں کی منظوری دے دی ہے اور سکیورٹی خدشات کی بنا پر موبائل وانٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔ اسلام آباد میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال رہے گی۔ پنجاب کے اضلاع لاہور‘ ننکانہ، گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ، گجرات‘ نارووال‘ راولپنڈی‘ اٹک‘ جہلم‘ سرگودھا‘ خوشاب‘ بھکر‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ ملتان‘ ساہیوال‘ اوکاڑہ‘ پاکپتن‘ رحیم یارخان اور سندھ کے اضلاع کراچی‘ حیدرآباد‘ سکھر‘ خیرپور‘ جیکب آباد‘ شکارپور جبکہ خیبر پی کے کے اضلاع نوشہرہ، کوہاٹ‘ بنوں‘ لکی مروت‘ ڈیرہ اسماعیل خان‘ ٹانک‘ ایبٹ آباد میں موبائل فون سروس معطل رہے گی‘ اسی طرح آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد‘ باغ‘ حویلی‘ میرپور، کوٹلی اور بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں بھی سروس معطل رہے گی۔
چہلم امام

ای پیپر-دی نیشن