• news

قطر اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کا فروغ اہم ہے‘ شہریار آفرید ی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے اپنے دورہ قطر کے موقع پر قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصیر بن خلیفہ الثانی کے ساتھ بین الاقوامی داخلی سلامتی پر ہونے والی نمائش میں شرکت کی ہے۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہونے والی نمائش 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے قطر اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی تعاون کی بنیادوں پر باہمی تعلقات بڑھانے پر زور دیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قطر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق نمائش میں شرکت سے پہلے وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے پاکستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور وہاں قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی اور ان سے خطاب کیا۔ انہوں نے قطر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سنے اور ان کے مسائل جلد حل کروانے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں اوور سیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے اور اوور سیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریگا اور کشمیر کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن