• news

برطانیہ: فٹبال کلب کے مالک سمیت پانچ افراد ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

لاہور(نمائندہ سپورٹس)برطانوی شہر لیسسٹر میں کنگ پاور سٹیڈیم کے باہر ہیلی کاپٹر گرنے سے مشہور فٹبال کلب لیسسٹر سٹی کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت تمام 5 افراد ہلاک ہوگئے۔فٹبال کلب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں فٹبال کلب کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔رپورٹس کے مطابق وچائی سریودھاناپ رابھا کے علاوہ ہیلی کاپٹر میں ہلاک ہونے والوں میں 53 سالہ پائلٹ ایرک سوافر، ان کی 46 سالہ دوست روزا لیچووکس اور وچائی سریودھاناپ رابھا کے اسٹاف کے 2 ارکان نْرسارا سْکنامائی اور کاویپورن پْن پرے شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کنگ پاور سٹیڈیم سے اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی بے قابو ہوگیا اور کلب کی اسٹاف کار پارکنگ میں گر کر تباہ ہوگیا۔فٹبال کلب نے اپنے اعلامیے میں لکھاکہ دنیا ایک عظیم شخص سے محروم ہوگئی ٗایک ایسا شخص جو نہایت مہربان اور سخی تھا اور جس کی پوری زندگی اپنے خاندان کیلئے محبت اور اْن لوگوں کیلئے وقف تھی جن کو اْس نے کامیابی سے ہمکنار کروایا۔وچائی سریودھاناپ رابھا کی ہلاکت کے بعد لیسسٹر فٹبال کلب کی سینئر اور جونیئر ٹیموں کے تمام میچز منسوخ کر دیئے گئے۔دوسری جانب ایئر انویسٹی گیشن برانچ نے ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن