• news

’’غلط اعداد و شمار سامنے لائے گئے‘‘ نجم سیٹھی کا احسان مانی کو قانونی نوٹس معافی کا مطالبہ

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے اخراجات سے متعلق تفصیلات شائع کرنے پر احسان مانی کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوادیا ۔ سابق چیئرمین کی جانب سے بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا گیا کہ پی سی بی کی رپورٹ میں جان بوجھ کران کی شہرت کو داغ دار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ لیگل نوٹس میں پی سی بی اور احسان مانی سے معذرت کرنے ، ویب سائٹ سے اخراجات کی تفصیلات کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، بصورت دیگر ہتک عزت کا دعوی کیا جائے گا۔گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے چار سالہ دور کے اخراجات کی تفصیلات جاری کی گئیں جس کے مطابق نجم سیٹھی پر پی سی بی کے 7 کروڑ سے زائد خرچ ہوئے جب کہ سابق چیئرمین پی سی بی نے اسے اپنے خلاف مہم قرار دیا ہے۔۔قانونی نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اخراجات کے جو اعداد و شمار سامنے لائے گئے وہ غلط ہیں، اخراجات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔نوٹس میں مزید کہا گیاہے کہ پی ایس ایل کی مد میں نجم سیٹھی نے کوئی رقم نہیں لی، اخراجات کاغلط چارٹ جاری کرنیکی وجہ صرف نجم سیٹھی کو بدنام کرنا تھی اور اس کے پیچھے سیاسی وجوہات ہیں۔نجم سیٹھی کے لیگل نوٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی کو ایک فرنشڈ رہائشی اپارٹمنٹ دیا گیا ہے اور ویب سائٹ پر احسان مانی کے رہائشی الاؤنس کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ نوٹس میں معافی مانگنے اور اخراجات کی چارٹ سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ہتک عزت آرڈیننس 2002 کے تحت کارروائی آگے بڑھانے کا کہا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن