ترقی میں حائل دہشت گردی ، فرقہ واریت کے مائنڈ سیٹ کا مکمل خاتمہ کرینگے : عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے شاندار کردار کی تعریف کی اور قیمتیجانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر فوجی افسروں اور جوانوں کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ عظیم اور لازوال قربانیوں کے باعث پاکستان میں امن بحال ہوا ہے، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کو بھی پوری قوت سے کچلنا ہے کیونکہ یہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل مائنڈسیٹ ہے جس کا قوم کی حمایت سے مکمل خاتمہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محب وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستان کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر امن کی صورت میں ملا ہے۔ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور بلاشبہ پاک افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں اور قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ ہم سب شہداء کے احسان مند ہیں جن کی لازوال قربانیاں پاکستان میں امن لے کر آئی ہیں۔ شہداء کے خاندان ہمارے اپنے خاندان ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پنجاب حکومت شہداء کے خاندانوں کی ہرممکن دیکھ بھال جاری رکھے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے حضرت اما م حسینؓکے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پرفول پروف سکیورٹی انتظامات کویقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن عامہ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور پر امن فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔