• news

شیخوپورہ: شادیوں کا رسیا شخص آٹھویں بیوی کے ہاتھوں قتل، ملزمہ نے گرفتاری دیدی

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)تھانہ ہاؤسنگ کالونی کے علاقہ الف ٹائون میں شادیوں کے رسیا شخص کو اسکی آٹھویں بیوی نے ظلم و ستم اور تشدد سے تنگ آکر علی الصبح پستول سے سر میں گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ مقتول کے آٹھ بیویوں سے 19بچے ہیں اور دو بیویاں انتقال کرچکیں جبکہ 6بیویاں ایک ہی گھر میں اسکے ساتھ رہ رہی تھیں جن میں سب سے کم عمر بیوی بسمہ بی بی ہے۔ دوران تفتیش ملزمہ نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا شوہر ملک اصغر عرف بلو شادیوں کا رسیا تھا کم آمدنی کے باوجود وہ پے در پے شادیاں کرتا رہا اور گھریلو اخراجات پورے نہ ہونے پر اکثر گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا مگر اس نے تمام بیویوں پر اپنا اس طرح خوف ڈال رکھا تھا کہ کوئی اسکے سامنے بول نہ سکتی تھی۔ گزشتہ رات بھی مقتول نے اس پر بلاجواز تشدد کیا جس پر اس نے تنگ آکر انتہائی اقدام کیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن