• news

لاہور، لاڑکانہ کی گلیوں میں گھسیٹنے کے دعوے کہاں گئے: فیاض الحسن چوہان

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے شہباز شریف اور آصف زرداری ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اسمبلی میں آئیں یا شالامار باغ جائیں، عوام ان کے کسی فریب میں نہیں آئیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہباز شریف اور آصف زرداری نے اپنے دور اقتدار میں قومی خزانے کو اربوں کا ٹیکہ لگایا۔ شہباز شریف نعرے لگاتے تھے آصف زرداری سے پائی پائی کا حساب لیں گے۔ آج جب خود حساب دینے کا وقت آیا تو شہباز زرداری بھائی بھائی کا نعرہ بلند کر رہے ہیں۔ آزادانہ اور منصفانہ احتساب ہوتا دیکھ کے کرپشن کی گاجریں کھانے والوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ شہباز شریف نے آصف زرداری کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کریو ٹرن کی میراتھن ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ کہاں گئے وہ لاہور اور لاڑکانہ کی گلیوں میں گھسیٹنے کے دعوے۔ آج وہی شہباز شریف اسی آصف زرداری کے کندھوں پر بیٹھ کر احتساب سے فرار حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔ کرپشن، منی لانڈرنگ، لوٹ مار اور اقربا پروری کے بے تاج بادشاہ آصف زرداری اور شہباز شریف قومی خزانے کے لئے سکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔ یہ لوگ جو مرضی کر لیں وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب سمیت پی ٹی آئی کا یہ عزم ہے گزشتہ 10 سال سے خصوصاً اور 40 سال سے عموماً قومی خزانے کی لوٹ مار کرنے والوں کا احتساب کرنا ہے اور ان سے لوٹی گئی رقوم واپس لیکر خزانے میں جمع کرانی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن