ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات : فریقین رضامند ہوں تو یمن پر خود ثالث بننے کیلئے تیار ہوں : وزیراعظم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی، پاک ایران تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال اور نقصان بارڈر سے اغواء12 ایرانی کوسٹ گارڈ کی بازیابی سے متعلق گفتگو کی گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے مسلمان ممالک میں تنازعات اور اتحاد نہ ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یمن کے تنازعہ کے حل کیلئے ذاتی طور پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی کے پیغام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایران کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری ان کی حکومت کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ اگر تمام متعلقہ فریق اس پر رضامند ہوں تو میں خود تنازعہ کے خاتمہ کیلئے ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا گزشتہ دو ماہ میں پاکستان کا دوسرا اہم دورہ ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان اور ایران کے درمیان وزراءخارجہ کی سطح پر گزشتہ روز دفتر خارجہ میں مذاکرات ہوئے اور دونوں ملکوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران میں رخنہ ڈالنے والوں کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ اس دورہ کیلئے ایرانی وزیر خارجہ سول اور فوجی حکام کے ایک وفد کے ساتھ بدھ کی صبح اسلام آباد پہنچے۔ دوران مذاکرات علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب کے اعزاز میں ورکنگ لنچ بھی دیا جس میں دونوں ممالک کے وفود شریک ہوئے۔ اس موقع پروزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک ایران باہمی تعاون کے فروغ کے لئے بہتر رابطے، باہمی اعتماد اورمفاہمت ضروری ہے۔پاک ایران بارڈر کے حوالے سے دونوں ممالک نے پہلے سے طے شدہ میکانزم کے ذریعہ قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔طرفین نے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور بطور خاص ایران پر امریکی پابندیوں کے پیش نظر باہمی تعاون کیلئے مل کر کوئی راہ نکالنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاک ایران سرحد، امن کی سرحد ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک ایران تعلقات کو بہتر بنانے کے عزم اور ہمارے تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یہ مقصد عمدہ رابطوں اور اعتماد سازی کے ذریعہ حا صل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، ایران کے سپریم لیڈر آئت اللہ علی خامنائی کی کشمیری عوام کیلئے غیر متزلزل حمائت کو نہائت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ