• news

گوادر : نامعلوم افراد کی فائرنگ‘ پانچ مزدور جاں بحق دو شدید زخمی

کوئٹہ، لاہور (بیورو رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) گوادرمیں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے پانچ مزدور جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق بدھ کو پشک سے 14کلو میٹر کے فاصلے پر گنزکے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے رہائشی منصوبے میں تعمیراتی کام کرنیوالے مزدوروں پر فائرنگ کردی جس کے نتےجے میں پانچ مزدور نعیم، ارشد علی، ہنزلہ، محمد شاکر، عبدالحمید موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد شمس اور شاہ زمان زخمی ہوگئے۔ لیویز نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام مزدور غیرمقامی تھے جن میں سے دو کا تعلق کراچی، ایک سکھر، ایک ملتان اور ایک خضدار کا رہائشی تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے نعشوں کو آبائی علاقوں جبکہ زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا۔ واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گوادر میں مزدوروں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدیدمذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکرتے ہوئے زخمی مزدوروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعابھی کی ہے۔ علاوہ ازیں پنجگور میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی تاہم گاڑی میں سوار تمام افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔دوسری طرف ایف سی بلوچستان نے آپریشن ردالفساد کے تحت خفیہ اطلاع پرمستونگ کے علاقے اسپلنجی میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔برآمد شدہ اسلحہ میںایک عدد مارٹر ایکسریز،26عدد82مارٹر گولے بمعہ کارڈز، 28 عدد مارٹر فیوز اور 165عددایکسپولز پیسز شامل ہیں جبکہ ایک دوسری کارروائی میںایف سی نے قلعہ عبداللہ کے علاقے دولنگی میں خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کر لیا۔
گوادر/ فائرنگ

ای پیپر-دی نیشن