• news

بچیاں گمشدگی کیس‘ عدالت عالیہ کی ٹرائل 6 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو بچیوں کی گمشدگی کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو چھ ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ملزم ایاز خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ فاضل جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا 2017 سے ملزم ایازخان عبوری ضمانت پر ہے جس پر ملزم نے بتایاکہ ابھی اس کی عبوری ضمانت کنفرم نہیں ہوئی۔ اس موقع پر عدالت نے استفسارکیاکہ ٹرائل کورٹ کا معاملہ کہاں تک پہنچاہے جس پر ملزم کی جانب سے بتایا گیا کہ دو سال سے ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہو رہا ہوں۔ عدالت کی طرف سے بچیوں کے سراغ سے متعلق استفسار پر سرکاری وکیل نے بتایاکہ پولیس کے اعلی حکام بچیوں کی تلاش کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ فائل کے مطابق تو ان کا کوئی نام و نشان نہیں ملا۔ بعد ازاں عدالت نے ٹرائل کورٹ کو چھ ماہ میں کیس مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے دوسرے ملزم یاسر عرفات قریشی کو گرفتار کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ پولیس حراساں کئے بغیر یاسرعرفات قریشی کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ ملزم ایاز خان کی درخواست ضمانت کی سماعت دو ہفتوں تک کیلئے ملتوی کر دی گی۔ پولیس نے یاسرعرفات قریشی کو کمرہ عدالت کے باہر سے تحویل میں لے لیا۔

ای پیپر-دی نیشن