آباد ی میں اضافہ‘ سپریم کورٹ نے کنٹرول کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیدی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے آبادی میں اضافے سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں ٹاسک فورس تشکیل دیتے ہوئے حکومت کو اس کی سفارشات پر 30جون 2019تک کا عمل درآمد کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ سے جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد ممالک میں چھٹے نمبر کا ملک ہے جس کی آبادی 20کروڑ 78لاکھ ہے،1998-2017کے دورانیہ میں سالانہ 2.4فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے،اس حساب سے پاکستان کی آبادی آئندہ 30سال میں دوگنی ہوجائے گی جبکہ جنوبی ایشاء کے دیگر ممالک میں یہی شرح افزائش آبادی 60سال میں دوگنی ہوگی یہ اضافہ پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو متاثر کرے گا، بڑھتی آبادی کے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی انحطاط، جنگلات کے کٹائواور سب سے بڑھ کر فی کس پینے کے پانی اور فی کس خوراک کی فراہمی پر مضر اثرات ڈالے گی۔ مانع حمل اشیاء کے استعمال اور آبادی میں کنٹرول کے لیئے قومی اور صوبائی ٹاسک فورسز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وزیر اعظم کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس میں تمام صوبائی وزرائ، پاپولیشن کے وفاقی اور صوبائی وزراء صحت ، تعلیم، خزانہ ، منصوبہ بندی، سول سوسائٹیزکے نمائندے شامل ہوں گے ۔ صوبائی ٹاسک فورسز کے سربراہی متعلقہ وزراء اعلیٰ ہوں گے اوراس میں صحت ، آبادی، تعلیم، خزانہ، منصوبہ بندی کے وزراء اور سول سوسائٹیز کے نمائندے شامل ہوں گے۔