• news

پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مقام بن رہا ہے‘ سیکرٹری منصوبہ بندی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی سیکریٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ظفر حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات کو فروغ دینے اور معیشت کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے برآمدی پالیسیوں پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جرمنی کے ایک کاروباری وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے پاکستان کے لئے ڈپٹی سفیر جینز جوکیش کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پلاننگ کمیشن کے ممبران اور وزارت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی قومی پیداوار میں ٹیکس کی شرح میں اضافہ کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند سالوں سے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں مسلسل بہتری رہی ہے اور پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش مقام بن رہا ہے۔ وفاقی سیکریٹری نے واضح کیا کہ یہاں کچھ اہم شعبے ہیں جن میں جرمنی کی کمپنیاں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تجارت میں اضافہ کے لئے پرعزم ہے۔ ہم امداد کی بجائے تجارت کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر جوائنٹ وینچرز کے آغاز پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن