سرفراز کی کپتانی کے حوالے سے محسن خان کا بیان غیر ضروری :صلاح الدین صلو
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین احمد صلو کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی کے حوالے سے محسن حسن خان کا بیان غیر ضروری ہے۔ کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی طرف سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز شروع ہونے سے ایک روز قبل اس طرح کا بیان مضحکہ خیز ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم اچھے نتائج دے رہی ہے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ملسل دس ٹونٹی ٹونٹی سیریز جیتی ہیں۔ ان حالات میں کپتان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ سرفراز احمد پر تنقید غیرضروری ہے۔ اس وقت ٹیم میں ماضی کی طرح سپر سٹارز شامل نہیں ہیں زیادہ تر نوجوان پلیئرز ٹیم کا حصہ ہیں ہمیں بات کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ اس وقت ٹیم میں فوری طور پر کوئی بہتر متبادل بھی موجود نہیں ہے۔ ایسے بیانات سے ٹیم کے ماحول پر منفی اثر آتا ہے۔