کاشتکاروںکیخلاف جھوٹے مقدمات اور ناجائز بل ناقابل برداشت ہیں : ذوالفقار اعوان
بورے والا(نامہ نگار)پاکستان کسان اتحاد کے ضلعی صدر ملک ذوالفقار اعوان نے کہا ہے کہ ایکسئین میپکو اور اُسکی ٹیم کسان دشمنی پر اُتر آئی ہے کسانوں اور مزدوروں کو ناجائز ایوریج اور ڈیٹکشن بل ڈالنے کے علاوہ میٹر خراب کے نام پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔ بلوں کی درستگی،ناجائز جرمانوں اور دیگر شکایات لیکر دفتر جانے والوں سے واپڈا اہلکاروں کا توہین آمیز رویہ کسی صورت قابل برداشت نہیں میپکو آفس میں ٹائوٹ مافیا کا راج ہے جو میٹر تبدیل کرنے،نئے کنکشن لگانے،بل درست کروانے اور جرمانے ختم کروانے جیسی شکایات کے ازالہ کیلئے کسانوں اور مزدوروں کو لوٹ رہے ہیں جبکہ واپڈا کے اپنے اہلکار بجلی چوری کرواتے ہیں جسکا بوجھ عام صارفین پر ڈال کر ٹارگٹ پورا کیا جاتا ہے اگر ایسے غیر منصفانہ اقدامات اور زیادتیوں کے ازالہ کیلئے میپکو حکام نے فوری احکامات جاری نہ کیے تو جلد واپڈا کے خلاف بھرپور احتجاج کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پاکستان کسان اتحاد کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ندیم سجاد،چوہدری عمران فاروق وڑائچ،شاہد بلوچ،چوہدری مہران علی،محمد اشفاق لنگڑیال،ریاض احمد جملیرا،محمد الیاس گل،محبوب خاں سلدیرا،چیئرمین یوسی چوہدری عبدالرشید،چوہدری طیب واہلہ،شمشاد علی اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔