پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے مینیجنگ ڈائریکٹر کیلئے فیصل حسنین ہارٹ فیورٹ
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے مینجنگ ڈائریکٹر کے لیے فیصل حسنین ہارٹ فیورٹ ہیں۔ انہیں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل، زمبابوے کرکٹ بورڈ اور دیگر کھیلوں کے انتظامی امور چلانے کا وسیع تجربہ ہے۔ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی طرح فیصل حسنین بھی شعبہ حسابات میں ماہر مانے جاتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی کسی ایسے شخص کو اس اہم عہدے پر لانا چاہتے ہیں جو انتظامی امور کے ساتھ ساتھ مالی معاملات پر بھی گرفت رکھتا ہو۔مینجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے کئی ناموں پر غور کیا گیا ہے تاہم پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی فیصل حسنین کو زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔زاہد نورانی، سلیم الطاف اور عارف عباسی کا نام بھی اس اہم عہدے کے لیے سامنا آیا تھا تاہم بین الاقوامی سطح پر سپورٹس ایڈمنسٹریشن کا وسیع تجربہ رکھنے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اچھے روابط کی وجہ سے فیصل حسنین کو دیگر ناموں پر برتری ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ ہفتے مینجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے اشتہار جاری کیا تھا۔ بارہ نومبر تک اس عہدے کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔فیصل حسنین سپورٹس ایڈمنسٹریشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔وہ زمبابوے کرکٹ کے ایم ڈی کی حیثیت سے بھی ذنہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ وہ دوہزار دو سے دو ہزار آٹھ اور دوہزار دس سے دو ہزار سترہ تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں چیف فنانشل آفیسر کے عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ فیصل حسنین دبئی گالف میں چیف ایگزیکٹو آفیسر،دبئی گالف، دبئی رئیل سٹیٹ میں چیف آپریٹنگ آفیسر، دبئی ایونٹ مینجمنٹ کارپوریشن میں چیف آپریٹنگ آفیسر کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔ فیصل حسنین سٹی گروپ، سعودی امریکن بینک،ای وائی گروپ، دی چیز مین ہیٹن بینک، ویسٹ برے اینڈ کمپنی میں بھی اہم عہدے پر ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی اہم کاموں کی براہ راست ذمہ داری لینے سے بچنے کے لیے ایم ڈی کی تعیناتی چاہتے ہیں۔ وہ موجودہ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے خوش ہیں لیکن سبحان احمد بھی خود سے فیصلے کرنے کے بجائے چیئرمین کی طرف سے حکم کے منتظر رہتے ہیں جبکہ احسان مانی چاہتے ہیں کہ وہ ایک نئے افسر کی تعیناتی کر کے خود تمام معاملات کی سربراہی و نگرانی کریں لیکن اہم مالی معاملات میں مینجنگ ڈائریکٹر کو سامنے رکھا جائے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایم ڈی کا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے۔