پاکستان کی نیوزی لینڈ کو دوسرا ٹی 20 میچ ہرا کر مسلسل 11ویں سیریز میں کامیابی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی‘ پاکستان کی یہ ٹی ٹونٹی میں مسلسل گیارہویں سیریز میں کامیابی ہے۔ دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ کولن منرو اور گلین فلپس نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 50 رنز کی شراکت قائم کی، پہلے آﺅٹ ہونےوالے بیٹسمین فلپس تھے جو5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ 56 کے سکور پرگری‘ 44 رنز بنانےوالے کولن منرو کو محمد حفیظ نے سرفراز احمد کی مدد سے قابو کیا۔ تیسری وکٹ 67 کے سکور پر گری ،گرینڈ ہوم 4 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔ روس ٹیلر صرف 3 سکور بناکر رن آﺅٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ کپتان کین ولیم سن کی گری جو37 رنز کی اننگز کھیل کر چلتے بنے۔ آخری اوور میں نیوزی لینڈ کی دو وکٹیں گریں، پہلے ٹم سٹیفرٹ11 بناکرجبکہ ٹم ساوتھی صفر پر رن آﺅٹ ہوگئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی فیلڈرز نے 2 نیوزی لینڈرز کو رن آﺅٹ کیا۔ پاکستان نے ہدف 19.4اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ فخر زمان 24‘ بابر اعظم 40‘ آصف علی 38‘ شعیب ملک10رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ محمد حفیظ 34اور کپتان سرفراز احمد بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آﺅٹ رہے۔ ایڈم ملنی نے دو جبکہ ٹم ساﺅتھی اور کولن منرو نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ شاہین آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ کل رات نو بجے کھیلا جائے گا۔
کرکٹ میچ