جان محمد کی کام سے معذرت، عامر ذوالفقار آئی جی اسلام آباد تعینات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی)سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کے عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کے بعد تبادلے کی معطلی کا اپنا حکم واپس لے لیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے پر لئے گئے از خود نوٹس کی سماعت کی۔کیس کی سماعت کے موقع پر فریق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی، متاثرہ خاندان، اٹارنی جنرل انور منصور خان اور آئی جی اسلام آباد جان محمد کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد جان محمد نے اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان حالات میں کام نہیں کرسکتے اس لیے عدالت سے استدعا ہے تبادلے کے احکامات پر عمل کرنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیک ہے اگر یہ کہہ رہے ہیں تو اجازت ہے، آپ کی مرضی ہے ہم آپ کو منع نہیں کرتے۔ عامر ذوالفقار کو نیا آئی جی اسلام آباد تعینات کردیا گیا ہے۔ وہ آئی جی موٹر ویز بھی رہ چکے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد