مولانا سمیع الحق کی شہادت سانحہ ملک جید عالم‘ اہم سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا : صدر وزیراعظم آرمی چیف
اسلام آباد/ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے + خبرنگار)صدر، وزیر اعظم، چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف سمیت ملک کی دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے بڑا سانحہ قرار دے دیا چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاویدباوجوہ نے بھی مقتول بزرگ عالم دین کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے واقعہ کی مذمت کی اور انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے مولانا سمیع الحق کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ملک ایک جید عالم دین اور اہم سیاسی رہنما سے محروم ہوگیا۔وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق کے قتل کی فوری تحقیقات کا حکم بھی جاری کردیا۔خیال رہے کہ وزیر اعظم چین کے دورے پر ہیں جہاں انہیں مولانا سمیع الحق کے قتل کے حوالے سے اطلاع دی گئی تھی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی قتل کے واقعے کی شدید مذمت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی آصف غفور نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے مقتول کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی ہے کہ مولانا سمیع الحق شہید کے جسد خاکی کو آبائی علاقے اکوڑہ خٹک لے جانے کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جسد خاکی کو اکوڑہ خٹک منتقل کرنے کے لئے پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی دستیاب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس سانحہ پر سوگوار خادندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملزموں کو جلد گرفتار کیا جائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم سازش ہے۔ قوم اپنے اتحاد اور یکجہتی سے دشمن کی اس گھناﺅنی سازش کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق نہایت قابل احترام شخصیت تھے اور ان کی دینی خدمات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، شہادت بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انہیں جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے پر زور دیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ اس سانحے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ موجودہ ملکی حالات میں یہ سانحہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔ پاکستان کے اندر اسلامی تعلیمات کے فروغ اور ان کے نفاذ کے لئے انہوں نے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی شہادت پوری قوم کے لئے عظیم سانحہ ہے۔ خیبر پی کے حکومت نے مولانا سمیع الحق کے قتل پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیاہے۔ صوبے بھر میں آج تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
صدر/ وزیراعظم