قائد اعظم ٹرافی:حبیب بنک کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) قائد اعظم کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں حبیب بنک نے سنسنی خیز مقابلے میں پی ٹی وی کو 7 رنز سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے دوسری سیمی فائنل میں حبیب بنک ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز سکور کیے۔ جس میں جمال انور نے 88، امام الحق نے 85 اور عمر اکمل نے 39 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ پی ٹی وی کی جانب سے محمد عرفان جونیئر، تابش خان اور اظہر اﷲ نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 322 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پی ٹی وی ٹیم کے علی عمران سنچری سکور کرنے کے باوجود اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ پوری ٹیم 314 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ علی عمران 102، محمد وقاص نے 43 اور علی خان نے 41 رنز سکور کیے۔ ایچ بی ایل کے عماد بٹ اور خرم شہزاد نے دو دو کھلاڑیوں کو کیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 4 نومبر بروز اتوار کو واپڈا اور حبیب بنک کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔